نئی دہلی9جنوری(آئی این ایس انڈیا) برڈ فلوکے حوالے سے دہلی حکومت الرٹ موڈ میں ہے۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی ہفتے کے روز میٹنگ ہوئی ہے جس میں برڈ فلوکے پیش نظر دواہم فیصلے کیے گئے۔ حکومت نے زندہ پرندوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی غازی پور پولٹری مارکیٹ کو 10 دن کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی ایم اروند کیجریوال نے میٹنگ کے بعدپریس کانفرنس کے بعد یہ معلومات دی ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ دہلی میں زندہ پرندوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور10 روزکے لیے غازی پور منڈی بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ دراصل دہلی کے مختلف علاقوں سے پرندوں کی ہلاکت کی خبریں آرہی ہیں۔ میور وہار میں تین دن میں 100 کووں کی موت کی خبر دی جارہی ہے۔ ڈاکٹروں نے نمونہ لیاہے۔ اب تک دہلی میں 104 نمونے لیے جا چکے ہیں۔سی ایم کیجریوال نے کہاہے کہ ہم نے کچھ نمونے جالندھر کی لیب میں بھیجے ہیں۔ یہ رپورٹ پیر تک آئے گی۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر، دہلی حکومت ضروری اقدامات کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ہم نے 24 گھنٹوں کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے، جس کانمبر 23890318 ہے۔ دہلی کے مختلف علاقوں سے پرندوں کے مرنے کی اطلاعات ہیں، خاص طور پر کووں کی موت۔ اسی ضلع کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں ان کے خلاف فوری طور پر مناسب کارروائی کررہی ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ دہلی کے ہر ضلع کے اندر ڈی ایم کی نگرانی میں نگرانی کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ریپڈ رسپانس ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔سی ایم کیجریوال نے کہاہے کہ ہمارے ویٹرنری آفیسرز کے ذریعہ دہلی میں تمام پرندوں کی منڈیوں، جنگلیاتی اداروں اور آبی اداروں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ ان تمام ٹیموں کی خصوصی توجہ پولٹری مارکیٹ غازی پور،اسٹل جھیل، سنجے لیک، بھلسوا جھیل، ڈی ڈی اے پارک، پشچم وہار اور دوارکا ہے جو دہلی چڑیا گھر، حوض خاص گاؤں میں واقع ہے۔